اسلام آباد: سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بی بی کو ان کی 66 ویں سالگرہ کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریے پر سابق قدم رہتے ہوئے پارلیمنٹ کے اختیارات کا تحفظ کریں گے۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی فلاسفی اور مشن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کے لئے آخری فتح تک جدوجہد جاری رہے گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریے پر سابق قدم رہتے ہوئے پارلیمنٹ کے اختیارات کا تحفظ کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پرپیغام میں کہا شہید بی بی کا مشن پاکستان میں جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل تھا،اُن کا مشن درحقیقت قائدِاعظم کے افکار کی روشنی میں شہید بھٹو کا مشن تھا۔
پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر سختی سے کاربند ہے۔ وہ دن دور نہیں، جب انتشار و خلفشار کے اندھیروں کے آگے حق و سچائی کا سورج طلوع ہوگا۔