برطانیہ میں جاری ورلڈ کپ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے،پہلے میچ میں بھارت کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا،دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں جاری ورلڈ کپ میں آج چار ٹیمیں دو میچوں میں آمنے سامنے ہونگی، پہلا میچ سابق عالمی چیمپئن بھارت اور افغانستان کے درمیان ہیمپشائر باؤل ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔
دومرتبہ کی چیمپئن بھارت نے رواں ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اب تک کھیلے گئے چار میچوں میں بھارت نے تین جیتے اور ایک بارش کے باعث نامکمل رہا، سات پوائنٹس کے ساتھ کوہلی الیون چوتھے نمبرپر ہے جبکہ افغانستان کی ٹیم پانچوں میچ ہارنے کے بعد آخری نمبرپر موجود ہیں۔دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم مانچسٹر میں مد مقابل ہونگی، نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں میں سے چار جیت کر نو پوائنٹس اپنے نام کررکھے ہیں، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابیاں حاصل کرنے والی کیوی ٹیم کا بھارت کے خلاف میچ بارش کے باعث نہ کھیلا جاسکا تھا۔
ادھر ویسٹ انڈیز کو پانچ میچوں میں اب تک صرف تین پوائنٹس مل سکے ہیں، ویسٹ انڈین ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف سات وکٹوں سے جیتا لیکن اس کے بعد آسٹریلیا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ بارش کے باعث نامکمل رہا تھا۔