آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 49 رنز سے شکست دے دی۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو زندہ کردیا۔ لندن کے لارڈز اسٹیڈیم میں 309 رنز ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 259 رنز بنا پائی اور 49 رنز سے جیت پاکستان کے نام رہی۔ کپتان فاف ڈوپلیسی 63، وین ڈر ڈوسین 36 اور ڈیوڈ ملر 31 رنز بناسکے۔ فلیک وایو 32 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے وہاب ریاض اور شاداب خان نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر کے حصے میں بھی 2 وکٹیں آئیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 308 رنز بنائیں۔ امام الحق اور فخر زمان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 81 رنز اکھٹے کیے۔ اس موقع پر 44 رنز بنانے والے فخر زمان آؤٹ ہوگئے۔
17 رنز کے اضافے کے بعد امام الحق بھی 44 رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر بننے والی 45 رنز کی شراکت اس وقت ٹوٹی جب محمد حفیظ 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ چوتھی وکٹ پر 61 رنز کا اضافہ ہوا، 69 رنز بنانے والے بابر اعظم آؤٹ ہوئے۔ حارث سہیل نے جارحانہ بیٹنگ کی اور وہ 59 گیندوں پر 89 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز رہا۔ عمران طاہر کو 2 وکٹیں ملیں۔ 89 رنز کی اننگ کھیلنے والے حارث سہیل مین آف دی میچ رہے۔
اس کامیابی نے پاکستان کو سیمی فائنل ریس میں شامل کرادیا، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم اگلے مرحلے تک رسائی کی دوڑ سے آؤٹ ہوگئی۔