تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے وطن واپس آکر پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔
تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق 80 کی دہائی میں امریکا جانے والے سید سیف الدین نے اپنا پورا کاروبار پاکستان منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے اتوار کو تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹریٹ میں مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت، منشور اور وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ 1984ء میں اعلیٰ تعلیم کے لیے پاکستان چھوڑکر گیا اور پھر 35 برس تک امریکا میں مقیم رہا ، سیف الدین نے کہاکہ امریکا قیام کے دوران لاطینی امریکا سمیت 58 ممالک اور ان کے نظام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔وطن سے دور رہ کر پاکستان کے بگڑتے حالات پر تشویش رہتی تھی۔