پنجاب کے سابق سینیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کی چار قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ منظور کرکے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں ضمانت پر رہا سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا ایک اور بڑا فیصلہ۔ پنجاب اسمبلی کی چار قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ عبدالعلیم خان کو نیب گرفتاری کے دوران انسانی حقوق و اقلیتی امور سمیت اسپیشل کمیٹی چھ کا ممبر بنایا گیا تھا جبکہ عبدالعلیم خان پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے بھی ممبر تھے۔ جس کی رکنیت سے بھی انہوں نے استعفیٰ دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق سینیئر وزیر کے مستفعیٰ ہونے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں تاہم پارٹی کے اندر ان کی ناراضگی کے حوالے سے چہ مگوئیاں ضرور جاری ہیں۔ دوسری جانب نیب حراست کے دوران عبدالعلیم خان مسلسل کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہیں۔ اس حوالے سے اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان کو ریلیف دینے کیلئے ان کمیٹیوں کا ممبر بنایا گیا تھا تاکہ وہ اسمبلی میں آّتے جاتے رہیں۔