ملک کے مختلف شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش کے باعث بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب، گلگت بلتستان اور وزیرستان کے مختلف شہروں میں تیزہواؤں اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اوکاڑہ میں تیزآندھی کے سبب مکان کی دیوار گرگئی، جس کے ملبے تلے دب کر بچے سمیت 3 افراد دم توڑ گئے ہیں ۔
جنوبی وزیرستان میں وقفہ وقفہ سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، اسپین اور تنائی کے علاقوں میں سیلابی نے کھڑی فصلیں تباہ کردی جبکہ کئی مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ، سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور جیکب آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں اور سندھ میں موسم شدید گرم جبکہ ہزارہ، کوہاٹ، بنوں، ساہیوال، ژوب، بہاولپور ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ بارش کا امکان ہے۔