یونیورسل باس ویسٹ انڈین کھلاڑی کرس گیل نے ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ سے یوٹرن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین سپراسٹارکرس گیل نے ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ سے یوٹرن لے لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارت سے ون ڈے ہوم سیریز اور ایک ٹیسٹ ضرور کھیلیں گے۔جس کے بعد نوجوانوں کے لیے جگہ خالی کردیں گے۔
ویسٹ انڈین سپراسٹارکرس گیل نے انگلینڈ سے گذشتہ سیریز کے آخری ون ڈے کے بعد اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ہوم گراؤنڈ پراپنا آخری میچ کھیل لیا۔ وہ ورلڈکپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کوخیرباد کہہ دیں گے۔ تاہم اب کرس گیل نے یوٹرن لیتے ہوئے بدھ کو مانچسٹر میں کہاکہ اگست میں وہ بھارت سے ون ڈے ہوم سیریز اورایک ٹیسٹ ضرور کھیلیں گے۔بھارتی ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچزکی سیریز کیلئے اگست میں کیریبیئن کا ٹور کرے گی۔ کرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لیں گے۔ ون ڈے سیریز کے تینوں میچ اورایک ٹیسٹ میں شرکت کے بعدانٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے۔
کرس گیل نے 103 ٹیسٹ میں 7214 رنز 15 سنچریوں اور 37 نصف سینچریوں سمیت بنائیں جن میں 2 ٹرپل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اسپن بولنگ سے 73 وکٹیں اور 96 کیچزبھی لیے۔ 295 ون ڈے میں 10،345 رنز 25 سنچریوں اور 53 نصف سینچریوں کی مدد سے بنائے۔ 166 وکٹیں اور 123 کیچ لیے۔ انہیں ون ڈے کرکٹ میں عظیم برائن لارا کا کیریبیئن ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے 58 رنز کی ضرورت ہے۔ 58 ٹی ٹوئنٹی میچز میں گیل نے 1627 رنزبنائے اور 17 وکٹیں لیں۔