مسلم لیگ (ن) پنجاب کے گرفتار صدر رانا ثنااللہ نے حکومت کو ظالم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کہتا ہے کہ یہ مدینہ کی ریاست ہے اسے شرم آنی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات کی عدالت نے رانا ثنااللہ کو منشیات سمگلنگ کے الزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیاہے تاہم عدالت میں پیشی کے موقع پر انہوں نے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی کی۔
رانا ثنااللہ سے صحافی نے سوال کیا کہ یہ سیاسی انتقام ہے یا کیا ہے ؟ جس پر (ن) لیگی رہنما نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ظلم ہے ظلم کی حکومت کیسے قائم رہ سکتی ہے ؟، اسے شرم آنی چاہیے جو کہتاہے کہ یہ مدینہ کی ریاست ہے۔
اس موقع پر لیگی وکیل عطا تارڑ نے ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثناءاللہ پر بے بنیاد الزام ہے،ان کا منشیات سے دور دور تک انکا تعلق نہیں،یہ احتساب یا سیاسی انتقامی سیل نہیں سازش سیل ہے،رانا ثنااللہ کے معاملے کے تانے بانے وزیر اعظم ہاؤس سے ملتے ہیں۔
دوسری جانب اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بارے میں قومی اسمبلی سیکٹریٹ کو آگاہ کردیا ہے۔
قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کو رانا ثنا اللہ کی گرفتاری بارے بذریعہ خط آگاہ کیا گیا ہے،اے این ایف خط کے ساتھ ایف آئی آر کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔