پاکستانی موسیقاراور راک بینڈ نوری کے مرکزی گلوکارعلی نور جگر کے عارضے میں مبتلا ہوگئے ہیں ان کے گھروالوں نے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔
گزشتہ رات علی نور کے کزن اور موسیقار راکے جمیل نے فیس بک پر مداحوں کو علی نور کی صحت کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ علی نور جگر کے عارضے میں مبتلا ہوگئے ہیں جب کہ علی نور کے انکل اعظم جمیل نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ علی نور کا 48 گھنٹوں میں جگرٹرانسپلانٹ ہونا ضروری ہے، سب سے گزارش ہے کہ ان کے لیے دعا کریں۔
تاہم علی نور کے بھائی علی حمزہ نے ان کی بیماری سے متعلق پھیلنے والی کنفیوژن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، علی نور بہت جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے، وہ ہیپاٹائٹس اے بیماری میں مبتلا ہیں جس میں جگر متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے لیکن انہیں بہترین علاج مہیا کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب موسیقار علی نور کی طبیعت خرابی کی خبرسن کر پوری شوبزانڈسٹری غم سے نڈھال ہے۔ احمد علی بٹ، وینا ملک اور ہارون رشید سمیت متعدد فنکاروں نے ان کی صحت یابی کی دعا کی ہے۔