وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج کراچی پہنچیں گے، دورہ کراچی میں وزیراعظم صنعت کاروں تاجروں سمیت تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان آج بدھ کو ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جس میں ارکان اسمبلی کے علاوہ صنعت کاروں اور تاجروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ انہیں کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
ان کے ہمراہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ سمیت معاشی ٹیم کے دیگر حکام بھی ہوں گے۔ وزیر اعظم معاشی اصلاحات کے بارے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لیں گے اور معیشت کی بہتری و برآمدات اور ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے تاجر برادری کی تجاویز بھی سنیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ زیرو ریٹ ایکسپورٹ انڈسٹریز کو بھی مدعو کیا گیا ہے اس کے علاوہ چھوٹے تاجروں سے بھی ان کی رائے سنی جائے گی، ٹیکسٹائل انڈسٹریز کا 6 رکنی وفد زبیر موتی والا کی سربراہی میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا جس میں صنعت کار زیرو ریٹ ٹیکس کی سہولت واپس ہونے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق عقیل کریم ڈھیڈی،عارف حبیب سمیت دیگر معروف کاروبار شخصیات، کراچی چیمبر آف کامرس کا وفد، تاجروں کی وفاقی انجمن ایف پی سی سی آئی کا وفد، کراچی کے مختلف بازاروں کی نمائندہ انجمنوں اور الائنس کے نمائندے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے تاجروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹ انجمنوں کا اتحاد بھی اپنے تحفظات وزیر اعظم کے گوش گزار کرے گا، ٹیکس اقدامات پر شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی کال دینے والے کراچی کی تاجر ایکشن کمیٹی کا وفد بھی وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا۔
ایکشن کمیٹی کے رکن محمد رضوان کے مطابق وزیر اعظم سے ملاقات کے لیے انہیں چار بجے مدعو کیا گیا ہے امید ہے وزیر اعظم عمران خان تاجروں کی مشکلات کو حل کرنے کے لیے اہم اقدمات اٹھائیں گے۔