لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم کو خوشگوار کردیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں سیلاب کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور ڈویژن،کشمیر اور اسلام آباد میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر آندھی کے باعث کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، پچاس سالہ انور کو راستے میں بجلی کے ٹوٹنے والے تار سے کرنٹ لگا تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر میں مزید طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، اورشدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے 18 جولائی کے درمیان مغربی ہواؤں اور مون سون ہواؤں کے ملاپ سے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشیں اور شہری علاقوں سمیت پہاڑی ندی نالوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے مری، گلیات سمیت، کاغان، ناران، میرپور، بھمبر، مظفر آباد، راولاکوٹ، باغ، سوات، کالام، دیر، کوہاٹ، پشاور، بنّوں، مردان، کوہلو، ژوب، سبّی، سیالکوٹ، راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور، فیصل آباد اور نور پور تھل میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔