سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس اپیل 18 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقررکردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس اپیل موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کے باعث 18 ستمبر کو سماعت کے لیے مقررکردی گئی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل بھی 18 ستمبر کے لیے مقررکی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترسماعت کریں گے۔ رجسٹرارآفس نے اپیلیں عدالت کے گزشتہ سماعت کے حکم کے مطابق مقررکیں۔
واضح رہے کہ العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسزکے فیصلے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سنائے تھے جب کہ ویڈیو اسکینڈل کے تناظرمیں نوازشریف کو ممکنہ ریلیف کے لیے دوماہ انتظار کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت قانون کو جج ارشد ملک کے بیان حلفی اور پریس ریلیز کی بنیاد پر انہیں ہٹانے کا خط لکھا ہے۔
جس پر وزارت قانون نے جج ارشد ملک کو مزید کام کرنے سے روک دیا ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا نواز شریف کے کیس کو آگے بڑھانے یا نہ بڑھانے کا فیصلہ ہائی کورٹ کرے گی۔