سیاحتی علاقے وادی نیلم میں کلاؤڈ برسٹ واقعے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جاں بحق افراد میں 2 فوجی جوان بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ایس ڈی ایم اے سعید الرحمان قریشی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وادی نیلم کے علاقے لیسوا کے مقام پر رات گئے کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ پیش آیا تھا، کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں موصلاتی نظام درہم برہم جبکہ 22 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی ریلے میں بہنے والے تمام افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں سانحے میں 2 فوجی جوان ، 9 مقامی افراد اور 11 تبلیغی جماعت کے ارکان بھی شامل ہیں۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق سانحہ میں 150 سے زائد مکانات تباہ جبکہ لیسوا بازار مکمل تباہ ہوگیا ہے، سانحے کے بعد حکام نے وادی نیلم میں امدادی کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ کلاوڈ برسٹ برساتی بادل کے اچانک پھٹنے اور گرج چمک کے ساتھ تیزی سے پانی برسنے کے عمل کو کہتے ہیں، کلاوڈ برسٹ بڑے پیمانے پر تباہی مچاتا ہے۔