ملک کے اکثر مقامات پر آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا فیصل آباد اور لاہور ڈویژن میں آج کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب ڈی جی خان، ساہیوال ڈویژن، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، بالائی پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کے وقت موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ صوبہ سندھ اور دیگر علاقوں میں بھی آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش ٹوبہ ٹیک سنگ میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 46 ڈگری رہا۔
لاہور کےمختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں مزید کمی آئی۔
لاہور مال روڈ، جیل روڈ، سمن آباد، اچھرہ، ساندہ، ٹھوکرنیازبیگ اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہنےکا امکان ہے اور بارشوں کاسلسلہ جمعرات تک جاری رہےگا۔
ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں بارش کے پیش نظر عملے اور مشینری کو الرٹ رہنے کی تنبیہ کی ہے۔