ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسنے والے 4 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ باقی افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بلوچستان کےعلاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ذرائع مائنز حکام کے مطابق کوئلہ کان سے 41 گھنٹے بعد 4 کانکنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ ایک کانکن کو زندہ نکالا گیا جس کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
مائنز حکام کے مطابق کان کی گہرائی 4500 فٹ ہے جب کہ دیگر محنت کشوں کو نکالنے میں امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے، کان کنوں کو نکالنے کے لیے جانے والے 8 میں سے 3 کان کن بھی بیہوش ہوگئے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیم ڈیگاری پہنچ گئی ہے اور ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔