ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید مہر نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس کا آج سے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردے گی۔
سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید مہر نے کہا کہ جن مقامات پرون وے کی خلاف ورزی ہوتی ہے ان کی نشاندہی کرلی گئی ہے اوراس حوالے سے ٹریفک پولیس افسران کوان مقامات کے حوالے سے آگاہ بھی کردیا گیا ہے، مہم کے دوران اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جو شہری قانون پرعمل درآمد کرتے ہیں انھیں کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ ہرضلع میں سے10 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ٹریفک پولیس بھر پور طریقے سے ایکشن کریگی اور یہ تمام مقامات مرکزی شاہراہوں پرہیں، ون وے کی خلاف ورزی قابل گرفتاری جرم ہے اورٹریفک پولیس مہم کے دوران ضرور گرفتاریاں کریگی۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ون وے کی خلاف ورزی نہ کریں بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں بھرپورکارروائی کی جائے گی شہر میں حادثات کی بھی بڑی وجہ ون وے کی خلاف ورزی ہے۔
انھوں نے بتایاکہ ٹریفک پولیس افسران کو بھی ہدایت کردی گئی ہے وہ کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ کریں، اگرشہری نے کوئی خلاف ورزی کی ہے تواس کا چالان کیا جائے، شاہراہوں پرٹریفک سائن بورڈ نہ ہونے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے اجلاس کریں گے تاکہ جن مقامات پرٹریفک سائن بورڈ نہیں ہیں وہاں سائن بورڈ لگادیے جائیں تاکہ شہریوں کو معلوم ہونا چاہے کہ کونسا سائن بورڈ کس کے لیے ہے،اگلے ہفتے تمام متعلقہ حکام کو خط بھی لکھ رہے ہیںجس کے بعد شہریوں کو سڑکوں پرخوشگوارتبدیلی نظرآئے گی۔