چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے گھوٹکی کے ضمنی الیکشن کی جیت پر کہا کہ گھوٹکی الیکشن میں عوام دشمن بجٹ، نیا پاکستان اور تبدیلی والوں کو شکست ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے گھوٹکی کے علاقے عادل پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج عوام دشمن بجٹ، نیا پاکستان اور تبدیلی والوں کو شکست ہوئی ہے،اب ہمیں ہمارے عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق کے لیئے جدوجہد کرنا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اس موقع پر گھوٹکی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی والوں نے سیلیکٹڈ وزیراعظم کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ نہ کھپے نیا پاکستان نہ کھپے۔
بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ سردار محمد بخش خان مہر کٹھ پتلیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، گھوٹکی کی نشست جو دھاندھلی کرکے جیتی گئی تھی عوام نے الیکشن کروا کر وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو جتوائی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بجٹ والوں کے لئے این اے دو سو پانچ کی شکست پہلی شکست ہے ہے،مزید شکست ان کا مقدر بنے گی۔