اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کو اہلیہ پر تشدد کے الزام میں نجی ٹی وی کے شو سے نکال دیا گیا۔
محسن عباس حیدر ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر تو دکھاتے ہی تھے تاہم وہ نجی ٹی وی سے نشر ہونے والے شو میں بطور ڈی جے بھی فرائض انجام دیتے تھے۔ محسن گزشتہ کئی عرصے سے نجی ٹی وی کے شومیں بطور ڈی جے کام کررہے تھے، لیکن اب اہلیہ پر تشدد کا الزام سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے انہیں شو سے نکال کر ان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
شو انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر محسن عباس کے حوالے سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا محسن عباس حیدر پر گھریلو تنازع کی بنیاد پر ہونے والے کیس کی وجہ سے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی لہذا ناظرین کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے محسن عباس پر ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔ جب تک محسن عباس اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرتے وہ ہمارے پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گے۔
https://www.facebook.com/MazaqRaatShow/photos/a.141782459365766/1100826546794681/?type=3&theater
واضح رہے کہ چار روز قبل اداکار وگلوکار محسن عباس حیدر کی اہلیہ فاطمہ سہیل نے اپنے شوہر پر تشدد اوربے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے والد سے 50 لاکھ روپے لے کر کاروبار کے لیےمحسن عباس کو دیئے، جس کے بعد اس کا رویہ اچھا رہا، لیکن چند دن بعد محسن پھر آپے سے باہرہو گیا اور میکے سے مزید 50 لاکھ روپے لانے کا کہا، انکار پر جسمانی تشدد کیا اورغلیظ گالیاں دیں۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے شوہر پر خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام بھی لگایاہے۔