وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ایسا لگا کہ میں کسی دورے سے نہیں بلکہ ورلڈ کپ جیت کر آ رہا ہوں۔
دورۂ امریکا سے واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتا ہے، ہاتھ پھیلانے والوں کی دنیا عزت نہیں کرتی۔ پاکستانیوں کو دنیا کی عظیم قوم بنانا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے خوددار قوم بننا ہے، نہ خود کسی کے سامنےجھکا ہوں اور نہ ہی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنےدوں گا۔انہوں نے کہا کہ رات کے اس پہر شاندار استقبال پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چور اور ڈاکو حکومت نہ کرتے تو یہ ملک ایک عظیم ملک بن چکا ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، ایک سال لگا ہے ملک کو سنبھالنے میں، اسی قوم سے ٹیکس اور پیسا اکٹھا کریں گے اور اسی قوم پر خرچ کریں گے۔
عمران خان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر فردوس عاشق اعوان، مرادسعید، اعظم سواتی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، مشیر ہوابازی غلام سرورخان اور دیگر وفاقی وزرا و پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کے شاندار استقبال کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کا ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے امریکا سے واپسی پر قطر میں مختصر قیام کیا۔ وزیر اعظم کے اعزاز میں قطری ہم منصب شیخ عبداللہ بن نصر آل ثانی نے عشائیہ بھی دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پاکستان اور قطر کا زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ہوا بازی میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا ۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امیر قطر کا حالیہ دورہ پاکستان بہت اہم تھا ، پاکستان کی اقتصادی معاونت پر قطر کے شکر گزار ہیں۔