ٹریفک پولیس حکام نے شہری کو تھپڑ مارنے والے ٹریفک پولیس اہلکار کو معطل کردیا۔
پریڈی کے علاقے میں ٹریفک پولیس اہلکار نے موٹرسائیکل سوار شہری کا چالان کرنے کے دوران اسے تھپڑ مار دیا تھا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی سے تفصیلات طلب کرلیں۔ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کہا ہے کہ اختیارات سے تجاوز کسی طور بھی ناقابل برداشت ہے۔
ٹریفک پولیس اہلکار اے ایس آئی محمد اشرف اعوان کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے اور شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ معطل ٹریفک پولیس اہلکاراکبرروڈ ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا۔
گزشتہ روز پریڈی کے علاقے میں ٹریفک اہلکار نے موٹرسائیکل سوار کا چالان کرتے ہوئے اسے تھپڑ مار دیا تھا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر شہریوں کا سخت ردعمل سامنے آیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کے چالان کرنے کی دھن میں مصروف ٹریفک پولیس اہلکار آپے سے باہر ہوگئے ہیں، پولیس کے اعلیٰ افسران کو مہم شروع کرنے سے قبل اہلکاروں کو اخلاقی تربیت بھی دینی چاہیے۔