افغان دارالحکومت کابل میں 3 بم دھماکوں کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 41 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں 3 بم دھماکوں کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 41 زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق پہلا دھماکا خود کش تھا جس میں مشرقی کابل کے علاقے میں وزارت پیٹرولیم کی بس کو نشانا بنایا گیا جب کہ کچھ ہی دیر بعد قریبی علاقے میں دوسرا دھماکا بھی ہوا، تیسرا دھماکا کابل کے ہی دوسرے علاقے میں کیا گیا۔
افغان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ دھماکوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2018 میں بم دھماکوں اور دیگر واقعات میں 3804 افراد ہلاک ہوئے جن میں 927 بچے شامل ہیں۔