انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز ) میں قائم کردہ بائیو مکینکس لیب کو منظوری دے دی جس کے بعد اب یہاں قومی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے مشکوک اور غیر قانونی بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کئے جاسکیں گے۔
بائیومکینکس لیب پی سی بی اور لمز کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے اور یہ دنیا میں اس طرح کا پانچواں ٹیسٹ سینٹر ہے جہاں کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیاں بھی دور کی جاسکیں گی ۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے شہر برسبین، انگلینڈ کی لف برا یونیورسٹی، سری رام چندرا یونیورسٹی چنائی اور جنوبی افریقا کی پریٹوریا یونیورسٹی میں ایسے سینٹرز قائم ہیں جوکہ آئی سی سی سے منظورشدہ ہیں ۔
پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ بائیو میکنکس لیب کی منظوری پی سی بی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی ایک اور کامیاب کوشش ہے، ماضی میں ہمارے کھلاڑیوں کو بولنگ ایکشن تبدیل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔
انہوں نے کہا کہ لمز میں قائم کردہ بائیو میکنکس لیب بولرز کی مشکلات دور کرنے میں مدد کرے گی۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف الارڈائس کا کہنا ہے کہ لیب کی منظوری پی سی بی کی مشکوک اور غیر قانونی بولنگ ایکشن سے نمٹنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔