روس سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا اسٹار اور بلاگر اکیترینہ کاراگلینوا کی اپنے اپارٹمنٹ سے سوٹ کیس میں بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
25 سالہ لڑکی کے والدین کئی روز تک اس سے رابطہ نہیں کر پائے تو انہوں نے بیٹی کے مالکِ مکان سے رابطہ کیا، کچھ دیر بعد انہیں قتل کی اندوہناک خبر ملی۔
اکیترینہ کی لاش کو سوٹ کیس میں بند کر کے اپارٹمنٹ کے ہال وے میں رکھا گیا تھا۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اس کی گردن اور سینے پر زخموں کے نشانات تھے جبکہ دوران قتل مزاحمت کے کوئی آثار نہیں ملے، جائے وقوعہ سے آلہ قتل بھی برآمد نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے قتل میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ انسٹاگرامر کے قتل کی ممکنہ وجہ حسد قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ روسی بلاگر نے کچھ عرصہ قبل ہی ایک نئے شخص سے تعلق قائم کر لیا تھا اور یہ جوڑا 30 جولائی کو اکیترینہ کاراگلینوا کی سالگرہ منانا چاہتا تھا۔
پولیس کی حاصل کردہ سی سی ٹی وی ویڈیو کے مطابق جن دنوں اکیترینہ منظرعام سے غائب ہوئیں انہی دِنوں ایک شخص جسے مبینہ طور پر اس کا سابق بوائے فرینڈ کہا جا رہا ہے، ماڈل کی رہائش گاہ والی عمارت میں داخل ہوا۔
ویڈیو کے مطابق جب مشتبہ شخص عمارت سے باہر نکلا تو اس کے ہاتھ میں ایک سوٹ کیس اور دستانے تھے۔