ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی اس تقریرکی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں انھوں نے 5 کروڑ سے زائد مہاجروں کی تضحیک کی۔
رابطہ کمیٹی نے آصف زرداری کے اس عمل کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اسے قومی یکجہتی اور ملک کی سا لمیت کے خلاف قرار دیا ہے، زرداری صاحب نے ہجرت اور پناہ گزین کا جو فرق مٹانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
اس پر تبصرہ کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی نے کہا کہ پناہ گزین آصف زرداری کے اجداد تھے ہم نے پاکستان بنا کر ہجرت کی ہے آصف علی زرداری کی تقریر نے لاکھوں نفو س کی توہین کی جنھوں نے اپنے خون سے اس گلشن کی آبیاری کی ہے جس فورم سے نفرت اور تعصب پر مبنی یہ تقریر کی گئی وہاں سے کشمیریوں کے لیے یکجہتی کا پیغام جانا چاہیے تھا لیکن افسوس کہ آصف زرداری نے تعصب اور لسانیت کو ہوا دیکر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جو ملک کی سا لمیت کو نقصان پہچانے کے مترادف ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ آصف زرداری کو واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہم نے پاکستان بنا کر ہجرت کی پاکستان ہمیں صدقہ یا خیرات میں نہیں ملا اس کیلیے لاکھوں انسانوں نے اپنی جان کی قربانی دی ہے پاکستان کل بھی ہمارا تھا اور آج بھی ہمارا ہے۔