وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اہم سفارتی مشن پر چین پہنچ گئے۔ بیجنگ ہوائی اڈے پر پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ وزیر خارجہ کی چینی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔شاہ محمود قریشی چینی قیادت کو بھارتی اقدامات پر پاکستان کے خدشات اور تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
اس سے قبل گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جموں و کشمیر کی صورت حال پر ڈپلومیٹک کور کو بریفنگ میں بتایا تھا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی فیصلہ یک طرفہ ہے، وادی کی آئینی حیثیت ختم کرنے کی کوشش پاکستان مسترد کرتا ہے۔
شاہ محمود نے ڈپلومیٹک کو بریفنگ میں بتایا کہ پڑوسی ملک بھارت شملہ معاہدے کے تحت تمام امور مشاورت سے حل کرنے کا پابند تھا، لیکن اس نے یک طرفہ طور پر اقدام اٹھایا جو غیر قانونی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہہ چکے تھے کہ بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو بڑھائیں گے، مگر بھارت نے ہمیشہ مذاکرات سے راہ فرار اختیار کی۔
شاہ محمود نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے، بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کو مزید بڑھانے کے لیے کیا گیا، پہلے بھارت نے گورنر راج پھر صدارتی راج لگایا، اب مزید آگے بڑھنے کی کوشش کی، یو این سیکورٹی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کو متنازع معاملہ تسلیم کیا، یہ سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، بھارت کے سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے بیانات ریکارڈ پر ہیں جو انھوں نے سلامتی کونسل اور عالمی فورمز پر دیے۔