سابق کپتان مصباح الحق نے کوچنگ کا آغاز کر دیا، وہ پی سی بی کیمپ کے نگران مقرر ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کے کوچنگ کیریئرکا آغاز ہوگیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں پری سیزن کیمپ کانگران مقررکردیا۔ پی سی بی نے 20 قومی کرکٹرز کو پری سیزن کیمپ میں شرکت کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کرلیا ہے، کھلاڑی 19 اگست کو رپورٹ کرینگے،اگلے 2 روز تک فٹنس ٹیسٹ جاری رہیں گے، بعد ازاں 22 اگست سے 7 ستمبر تک کنڈیشننگ کیمپ جاری رہے گا۔
مکی آرتھر اور معاونین کی چھٹی کرائے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی عدم موجودگی میں سابق کپتان مصباح الحق این سی اے کوچز کے ہمراہ کرکٹرز کیلیے ٹریننگ پروگرام ترتریب دینگے، کیمپ کے دوران کھلاڑی نیٹ پریکٹس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ سیشنز بھی کرینگے، فٹنس میں بہتری لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔