گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے ظلم و بربریت میں ہٹلر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔اگر بھارت تیار ہے تو ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر جنگ کی طرف قدم بڑھایا گیا تو یہ اس خطے کی سب سے بڑی اور آخری لڑائی ثابت ہوگی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے لانس نائیک تیمور اسلم کے گھر میں اظہارعقیدت کے بعد کہنا تھا کہ تیمور شہید کی قربانی پاکستان کے لیے ہے۔ والدین کو بیٹے پر فخر ہے جس نے پاکستان کے لیے قربانی دی ہے۔ پاکستان کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ 15 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پوری دنیا میں یوم سیاہ منایا گیا۔
چوہدری سرور نے کہا کہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی انتہا کی گئی ہے۔ مودی کی حکومت نے ہٹلر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ایسی ظلم کی دستانیں ہٹلر نے بھی نہیں چھوڑیں۔ اب مظلموں کی چیخیں پوری دنیا میں پہنچ چکی ہیں۔ بھارت کا جنگی جنون خطے میں تباہی لائے گا۔ اگر بھارت تیار ہے تو ہم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگر جنگ کی طرف قدم بڑھایا گیا تو یہ اس خطے کی سب سے بڑی اور آخری لڑائی ثابت ہوگی۔ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم کیا جارہاہے۔ بھارت کو پاک افغان تعلقات میں بہتری آنے پر شدید تکلیف ہے۔ وہ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ بنانا چاہتاہے۔
اقوام متحدہ کے سب سےبڑے ادارے میں بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا ایشو اٹھایاگیا۔ تمام امت مسلمہ کو اکٹھا ہو کربھارتی مظالم کی مذمت کرنی چاہیے۔