امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر نریندر مودی اور عمران خان سے بات کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سے کشمیر پر کشیدگی کم کرنےکی درخواست کی ہے اور اس حوالے سے بات چیت مثبت رہی ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں سے تجارت اور اسٹرٹیجک معاملات پر بھی ان کی بات چیت ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان صورتحال بہت خراب ہے لیکن ان کی گفتگو اچھی رہی ہے۔
Spoke to my two good friends, Prime Minister Modi of India, and Prime Minister Khan of Pakistan, regarding Trade, Strategic Partnerships and, most importantly, for India and Pakistan to work towards reducing tensions in Kashmir. A tough situation, but good conversations!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) August 19, 2019
یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران ہونی والی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نے ایک ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر پر انہیں ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کہا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے اور میں یہ جان کر بہت حیران بھی ہوا کہ اس خوبصورت علاقے میں روزانہ بم گرائے جاتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس خطے کی آبادی ایک ارب سے زائد ہے جو مسئلہ کشمیر کی بنیاد پر یرغمال بنی ہوئی ہے، امریکہ دنیا کے طاقت ور ترین ملک کی حیثیت سے برصغیر میں امن لانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔