سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریزکےلیے حکومتی منظوری کا منتظر ہے۔
تفصیلات کے مطابق 2009 کے لاہور ٹیسٹ کے دوران سری لنکا ٹیم پردہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان کے کرکٹ گراؤنڈ بے رونق ہوگئے۔ پی سی بی کی کوششوں سے 2015 سے زمبابوے، ورلڈالیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سے کچھ محدود اوورز کے میچز ہوئے۔ لیکن دس سال سے پاکستانی کرکٹرز ہوم سیریز بھی نیوٹرل گراؤنڈز پرکھیل رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی خواہش ہے کہ رواں سال اکتوبر میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 میچز میں آئی لینڈرز کی میزبانی کرے، میریلیبون کرکٹ کلب کی ٹیم کے دورہ پاکستان کیلیے بھی بات چیت چل رہی ہے۔بعد ازاں ذرائع سے یہ اطلاعات بھی آئیں کہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ مثبت ہے،اب سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ رپورٹ پر بات چیت ضرور ہوئی لیکن اسے منظوری کیلیے ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔
یہ معاملہ اس کیلیے بھی تعطل کا شکار ہے کہ بورڈ پاکستان سے کسی بھی قسم کا وعدہ کرنے سے قبل اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس حاصل کرنے کا منتظر ہے، حکام نے امید ظاہر کی کہ ٹور کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ اگلے ہفتے تک کرلیا جائے گا۔