ورجل وان ڈیک نے یوئیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورجل وان ڈیک نے یوئیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ جیت لیا۔ لیور پول کے ڈیفینڈر ورجل وان ڈیک نے کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کو مات دے کر19-2018یوئیفا پلیئر آف دی ائیر ایوارڈ جیت لیا۔
ڈچ فٹبالر نے 305 پوائنٹس حاصل کرکے پرتگال اور یوونٹس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنیٹنا اور بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ تین بار یوئیفا کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے رونالڈو نے 74 پوائنٹس جبکہ 2 بار ایوارڈز جیتنے والے میسی نے 207 حاصل کئے۔
ورلڈ کلاس ڈیفینڈر ورجل وان ڈیک 8 جولائی 1991میں بریدا، نیدرلینڈز میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2011 میں لیگ فٹبال کھیلنا شروع کیا۔ وہ 2011سے 2013 تک نیدرلینڈز فٹبال کلب گروننجین کی نمائندگی کرتے رہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس لوکا مورڈچ نے رونالڈو اور میسی کی بادشاہت کا خاتمہ کرکے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ رواں برس لیور پول کے وان ڈیک کو کلب کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔