پاکستان نئے شیڈول کے مطابق سری لنکا سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنی سرزمین پر ستمبر اکتوبر میں کھیلے گا۔ ٹیسٹ سیریز دسمبرمیں یو اے ای میں کھیلی جائےگی۔ تبدیلی کے نتیجے میں قومی ٹیم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز آسٹریلیا میں کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز یکم اگست سے روایتی ایشیزسیریز کے ساتھ ہوگیا۔ اب تک انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا، نیوزی لینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ میچز کھیل چکے ہیں۔
شیڈول کے مطابق اکتوبرمیں پاکستان کوٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی سیریز سری لنکا سے کھیلنا تھی لیکن دونوں بورڈز نے اتفاق رائے سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ستمبر اکتوبر میں پاکستان میں کھیلی جائے گی۔ دو ٹیسٹ کی سیریز یو اے ای میں دسمبرمیں ہوگی۔ اس طرح اب پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغاز اب دورہ آسٹریلیا سے کرے گا جہاں 21 نومبر کو برسبین میں پہلا ٹیسٹ شیڈول ہے۔ 29 نومبرسے دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں پنک بال سے ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
دسمبرمیں پاکستان چیمپئن شپ کی دوسری سیریز سری لنکا سے کھیلےگا جبکہ جنوری میں یواے ای ہی میں پاکستان کی ہوم سیریز بنگلہ دیش سے شیڈول ہے۔ جولائی اور اگست 2020 میں پاکستان ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ جہاں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔