کشمیریوں سے اظہار یک جہتی اور دنیا کے سامنے کشمیریوں کے ظلم وستم دکھانے کی غرض سے وزیراعظم آج مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظفر آباد میں آج بڑے جلسہ عام کا انعقاد ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے جلسے میں شرکت کیلئے مختلف شہروں سے ریلیاں مظفر آباد پہنچیں گی۔عمران خان اپنے خطاب میں مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔
جلسے میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ وزیراعظم کشمیریوں کو یقین دلائیں گے کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ رواں ہفتے تیرہ ستمبر بروز جمعۃ المبارک کو آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے علاقے میں ایک بڑے عوامی اجتماع سےخطاب کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں غاضب بھارتی افواج کی جانب سے جاری محاصرے سے متعلق دنیاکو آگا ہ کریں گے اور کشمیریوں کو پیغام دیں گے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔