اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی اسپتالوں کیے ملازمین کیلئے سروس اسٹرکچر بنانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی اسپتالوں کے ملازمین کیلئے ایک ماہ میں سروس اسٹرکچر بنانے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلہ میں تحریری حکم نامہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت کو 30 روز میں سروس اسٹرکچر بنانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو احکامات دیئے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے 13 فروری 2019 کو وفاقی اسپتالوں کا سروس اسٹرکچر بنانے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تین ماہ میں وفاقی حکومت نے سروس اسٹرکچر تشکیل دینا تھا تاہم تین ماہ کاعرصہ بغیر کسی پیش رفت ختم ہونے پر درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیاتھا۔