وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس کا 19 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کابینہ کو دورہ امریکہ سے متعلق آگاہ کریں گے۔
اجلاس میں ہر وزارت میں عوامی فلاحی منصوبے شروع کرنے کے فیصلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں سی پیک سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی جبکہ چینی باشندوں کے وزٹ ویزہ کو ورک ویزہ میں بدلنے کی منظوری دی جائے گی۔
کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ ریلوے بورڈ میں پرائیوٹ ممبرز کی تقرری کی منظوری دے گی۔
وفاقی کابینہ پمز اسلام آباد ریفارمز ایکٹ 2019ء اور پاکستان الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل اینڈ پیرامیڈکس ایکٹ 2019ء کی بھی اصولی منظوری دے گی۔