لاڑکانہ میں آصفہ ڈینٹل کالج کےگرلز ہاسٹل میں طالبہ کی پراسرارموت ہوئی ہے جبکہ مقتولہ کے بھائی نے بہن کو قتل کئے جانے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات لاڑکانہ میں ڈینٹل کالج کےگرلز ہاسٹل سے طالبہ نمرتا کماری کی لاش برآمد ہوئی، نمرتا کماری بی ڈی ایس میں فائنل ایئر کی طالبہ تھی، ساتھی کی لاش ملنے پر طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پرپہنچ کرمقتولہ کی لاش چانڈکا اسپتال منتقل کی، پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی وجہ سامنے آئے گی۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ نے طالبہ کی لاش برآمد ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
واقعے کے بعد چانڈکا میڈیکل کالج کی وائس چانسلر انیلہ عطا الرحمٰن نے بھی ہاسٹل پہنچ کرتفصیلات حاصل کیں۔
دوسری جانب نمرتاکے بھائی ڈاکٹر وشال نے خدشہ ظاہر کیاہے کہ ان کی بہن کو قتل کیا گیا ہے۔