وزیراعظم عمران خان اورامریکی صدرٹرمپ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
نیو یارک میں کی گئی وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدرٹرمپ کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائن پرصدر ٹرمپ سے ملاقات کی، دونوں رہنماوٴں نے وسیع البنیاد اورباہمی فائدہ مند شراکت قائم کرنے کے عزم کودوہرایا۔
وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہ میں ثالثی کے لئے صدر ٹرمپ کی پیش کش کوسراہتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاک ڈاؤن سنگین انسانی بحران ہے۔ وزیراعظم نے کرفیو اٹھانے اور پائیدارامن واستحکام کیلئے تنازعہ کشمیرکے حل پرزور دیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے ترقی پذیرعلاقائی امن وسلامتی کے منظرنامے کا بھی جائزہ لیا۔ عمران خان اورٹرمپ نے پرامن اور مستحکم افغانستان میں مشترکہ دلچسپی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے افغان امن اورمفاہمت کے عمل کو جلد ازجلد بحال کرنے کی امید ظاہرکی اورکہا کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ دونوں رہنماوٴں نے تجارت، سرمایہ کاری اورتوانائی تعاون میں پیشرفت تیز کرنے کا بھی عزم کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس میں امریکی صدر کی جانب سے ایک بار پھرمسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔