اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھانے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال اور بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس سے متعلق جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق او آئی سی کے رابطہ گروپ نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو اٹھایا جائے اور پابند سلاسل افراد کو رہا کیا جائے، وادی میں بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج کرنے والے پرُ امن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال بھی بند کیا جائے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو وادی میں جانے کی اجازت دی جائے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی شناخت اور جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر او آئی سی رابطہ گروپ کو شدید تشویش لاحق ہے۔