امریکا نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے فوری پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔
امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیاء ایلس ویلز نے بھارت پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ ایلس ویلز نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں وسیع پیمانے پر گرفتاریوں اور پابندیوں پرامریکا کو تشویش ہے، بھارت زیرحراست افراد کو رہا کرے اورمذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرے تاکہ پاک بھارت کشید گی کم ہو۔
ایلس ویلز کا کہنا تھا اگر پاکستان اور بھارت تیارہوں تو امریکی صدر ثالثی کیلئے تیار ہیں۔ بھارت طویل عرصے سے معاملے پر کسی بیرونی کردار کو مسترد کرتا آرہا ہے۔
گزشتہ روزامریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جو بن پڑا کروں گا کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت شدید چپقلش چل رہی ہے۔