لیجنڈ اداکار ندیم بیگ کراچی کے گھمبیر مسائل پر چپ نہ سکے اور کہا کہ کراچی اب پہلے والا نہیں رہا، ہر جگہ کچرے کے ڈھیر، ٹوٹی سڑکیں اور ابلتے گٹر دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔
کراچی میں ایک نجی ایوارڈ کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت میں فلم اسٹار مرزا ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ کراچی پہلے کیا تھا اوراب کیا ہے، ایسی صورتحال میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے رہنے سے بہتر ہے کہ ہم ان مسائل کو خود ٹھیک کریں جب کہ اس کام کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا کیوں کہ کراچی ہماراشہر ہے اور اس ملک کی جان ہے۔
ندیم بیگ نے کہا کہ میں اسی شہر سے فلموں میں کام کرنے کے شوق میں اس وقت کے ایسٹ پاکستان گیا تھا، اس وقت کا جو کراچی میرے ذہن میں محفوظ ہے، آج کا کراچی اس سے یکسر مختلف ہے، شہر بڑھ گیا ہے اور آبادی کے اعتبار سے پھیل گیا ہے۔
فلم اسٹار ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ شہر میں گٹر کھلے ہوئے اور مسائل کا انبار ہے تاہم انھیں اُمید ہے کہ اللہ کی مدد شامل حال رہے گی اور کراچی دوبارہ سے بدلے گا۔