انٹرنیٹ کی دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل آج اپنی 21ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
اس حوالے سے گوگل نے خاص طور پر ایک ڈوڈل بنایا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پرانے کمپیوٹر میں گوگل کی ویب سائٹ کھلی ہوئی ہے۔
یاد رہے گوگل 27 ستمبر 1998 میں کیلیفورنیا اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے دو پی ایچ ڈی کے طلباء لیری پیج اور سیرجی برین نے بنایا تھا۔
ابتداء میں اس سرچ انجن کو ’بیک ریب‘ کا نام دیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پیج اور سیرجی نے اس کا نام تبدیل کر کے گوگل رکھ دیا جو ریاضی کی ایک اصطلاح گووگول سے لیا گیا ہے۔
گوگل کو شروعات میں یاہو اور آسک جیویز جیسے مشکل حریفوں کا سامنا رہا تاہم اس نے جلد ہی ایک سیکنڈ کے دوران 63 ہزار ویب سرچز کے ساتھ سرچ انجن کی دنیا میں اپنا منفرد مقام بنا لیا۔
گوگل کا لفظی مطلب آن لائن کسی چیز کو ڈھونڈنا ہے اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے اتنا مقبول اور بڑے پیمانے میں استعمال ہونے لگا کہ 2006 میں آکسفورڈ انگلش لغت میں اسے شامل کر لیا گیا۔
اس قبل گوگل اپنی سالگرہ 7 ستمبر کو مناتا تھا تاہم اس کی انتظامیہ نے اس کی تاریخ تبدیل کر کے 27 ستمبر رکھ دی جس کی زیادہ وضاحت نہیں کی گئی۔