محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دو اکتوبر کو مغرب سے پاکستان میں داخل ہونے والا بارش اور ہواؤں کا سلسلہ شہر میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق 2 اکتوبر کو ایک نیا سلسلہ مغرب کی جانب سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے سبب کراچی میں پھوار اور ہلکی بارش کے ساتھ تیز سمندری ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق ہواؤں اور بارش کے اس نئے سلسلے کا مون سون سے کوئی تعلق نہیں، مون سون کی بارشیں اختتام کو پہنچ چکی ہیں، مغربی سسٹم کے اثرات کی وجہ سے اکتوبر کا پہلا ہفتے قدرے بہتر رہنے کا امکان ہے۔ سردارسرفراز کے مطابق شہر میں گذشتہ دنوں بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباو ہنوز گجرات پر موجود ہے جس کے اثرات کے نتیجے میں سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں پھر معمولی متاثر ہوئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیر کو صبح کے وقت شمال مغربی ہوائیں چلیں تاہم دوپہر کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوگئیں، یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے کیونکہ ہوا کے دباؤ کا پھیلاؤ مشرقی اور شمالی علاقوں تک اب بھی پہنچ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں گرمی کا پارہ 35.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح کے قت کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری رہا، گذشتہ روز ہوا میں نمی کا تناسب معمول سے زیادہ 64 فیصد رہا جس کی وجہ سے حدت رہی اور گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد رہی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ آج (منگل) کو شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔