وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری اداروں میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لے لیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہریوں کی جانب سے لائسنس، این او سی اور ڈومیسائل سے متعلق شکایات ہیں، سرکاری اداروں میں درخواستوں اور پٹیشنز پر کارروائی نہ ہونا افسوسناک ہے۔ وزیر اعظم نے سرکاری اداروں میں شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے عام شہریوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیےحکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی اورصوبائی اداروں کو شہریوں کی درخواستیں 4 ہفتوں میں نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام وزارتیں، ادارے اور محکمے شہریوں کے کام ترجیحی بنیادوں پر کریں، درخواست پر تاخیر ہو تو شہریوں کو تحریری طور پر وجوہات بتائی جائیں۔