اپنی اداکاری سے سب کو محظوظ کرنے والے بھولے کو کس نے نہیں سراہا تاہم اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان کے بعد اب ایک بارپھرعمران اشرف پر وارکرنا شروع کر دیئے۔
پاکستانی اداکار فردوس جمال نے کچھ عرصے قبل اداکارہ ماہرہ خان پرتیربرسائے تھے اورکہا تھا کہ ماہرہ خان کو اب اداکارہ کا نہیں بلکہ ماں کا کردارادا کرنا چاہیئے جب کہ ان کے نزدیک ماہرہ خان ہیروئن بننے کے لائق نہیں ہیں، جس پرماہرہ خان نے بھی انہیں جواب دیا تھا جب کہ ماہرہ خان کے مداحوں کی جانب سے بھی فردوس جمال پرکڑی تنقید کی گئی تھی۔
اب اداکارفردوس جمال نے ایک بار پھرٹی وی شو کے دوران عمران اشرف کی طرف توپوں کا رخ موڑتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ میں ان کی جانب سے ادا کیا گیا بھولے کا کرداربہترین اداکاری نہیں بلکہ محض دکھاوا تھا، اورایسا کردارپہلے بھی بہت سے فنکارادا کرچکے ہیں اورعمران اشرف نے اُن جیسی ہی اداکاری کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی ایک بھی ایسا اداکار نہیں جو آگے چل کر ایک اسٹاربن جائے۔
واضح رہے کہ اداکار فردوس جمال پرماہرہ خان کی اداکاری کرنے پربھی تنقید کی گئی تھی اور اب بھولے کی اداکاری پروار کرنے کے بعد انہیں ایک بار مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔