پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ون ڈے سیریز کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آج مد مقابل ہونگی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی اسکواڈ میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین کی شمولیت کا امکان ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں میچ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، سیریز کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم کے صدر دروازے سمیت تمام انکلوژرز کے باہر ہیلپ سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتنے والی سری لنکن ٹیم اس وقت رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ٹیم کی اب بھی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار ہے۔
گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم نے ون ڈے سیریز میں بہت ٹف ٹائم دیا ۔ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو انکی ڈومیسٹک پرفارمنس کی وجہ سے موقع دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ دونوں اچھا کھیل پیش کریں گے۔
سری لنکا ٹیم کے کپتان داسن شناکا کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ون ٹیم ہے ۔ لیکن جیت کیلئے پر عزم ہے۔ میدان میں بھرپور مقابلہ کریں گے ۔