ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے تصدیق کی ہے کہ اُن کی بہن انعم مرزا کی شادی سابق کرکٹر اور کپتان اظہر الدین کے بیٹے محمد اسد الدین سے رواں برس دسمبر میں ہوگی۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ اُن کی چھوٹی بہن انعم مرزا رواں برس سابق کرکٹر اظہر الدین کے بیٹے اسد الدین کی دلہن بنیں گی جس کے لیے اہل خانہ نہایت خوش اور پُر جوش ہیں۔ ثانیہ مرزا کی بروقت تصدیق سے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے گردش کرتی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔
سیر و تفریح کی غرض سے خاندان کے ہمراہ پیرس میں تعطیلات گزارنے والی انعم مرزا نے انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں جلد دلہن بننے کی اطلاع دی گئی تھی تاہم اسراریت کو برقرار رکھنے کے لیے دلہا کانام واضح نہیں کیا گیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی خوب تُکے لگائے۔
سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی گردش کرنے لگی تھیں کہ فیشن ڈیزائنر انعم مرزا دراصل پیرس میں اپنی شادی کے لیے ہی موجود ہیں لیکن تقریب کو خفیہ رکھا جارہا ہے تاہم بہن ثانیہ مرزا کی جانب سے تصدیق کے بعد افواہیں اپنی موت آپ مرگئیں۔ قبل ازیں اسد اور انعم نے ساتھ بتائے لمحوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔
واضح رہے کہ انعم مرزا کی شادی 18 نومبر 2016ء کو اکبر رشید نامی بزنس مین سے ہوئی تھی تاہم محض ڈیڑھ سال بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کے باعث طلاق ہوگئی بعدازاں انعم مرزا کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین کے صاحبزادے اسد کے ساتھ دیکھا جا رہا تھا۔