وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ میں کئے وعدے کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حیران ہوں انٹرنیشنل میڈیا ہانگ کانگ میں مظاہروں کو ہیڈ لائنزمیں جگہ دیتا ہے اوروہی انٹرنیشنل میڈیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران کو کیسے نظر انداز کررہا ہے۔ بھارت نے بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ متنازعہ علاقے پرغیرقانونی قبضہ جما لیا، 90 ہزارفوجیوں نے آٹھ ملین کشمیریوں کا محاصرہ کررکھا ہے، سیاسی قیادت اوربچوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں میں بند ہیں جب کہ دوماہ سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل مواصلاتی بلیک آؤٹ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی المیہ تیزی سے بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، تیس سال میں حق خود ارادیت کیلئے لڑتے ہوئے ایک لاکھ کشمیری شہید ہوچکے، عالمی برادری اقوام متحدہ میں کئے وعدے کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دے۔