گوگل فور نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا نیا اسمارٹ فون اکتوبر کے وسط تک فروخت کے لیے پیش کررہا ہے لیکن خیال رہے کہ یہ فون آئی فون 11 سے بھی مہنگا ہوسکتا ہے۔
گوگل فور کی اب تک ظاہر ہونے والی سب سے بڑی جدت موشن سینسر ہے جس کی بدولت آپ کو فون ٹچ کرنے کی ضرورت نہیں صرف دور سے ہوا میں ہاتھ ہلائیں اور فون کے فیچرز تک رسائی حاصل کرلیں۔ اسی کے ساتھ دوسرا اہم فیچر تھری ڈی فیس لاک اور ان لاک ہے یعنی یہ آپ کا چہرہ دیکھ کر اٹھے گا اور اسی طرح بند ہوگا۔
https://www.youtube.com/watch?v=5PVkKhG9CL8
اس سے قبل کمپنی نے جانتے ہوئے اس کی پشت پر لگے کیمروں کے راز افشا کیے تھے تاہم دنیا کے کسی اسمارٹ فون میں پہلی مرتبہ سولی ریڈار پر مشتمل موشن سینسر شامل کیے گئے ہیں جو زبردست اہمیت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں تجزیہ کار ویب سائٹ اور یوٹیوب ماہرین نے دیگر فیچرز پر بھی بات کی ہے۔
دونوں ڈیوائسز میں ایک نئی چیز پکسل نیورول کور بھی ہوگی جو کہ پکسل ویژول کور کا نیا نام لگتا ہے جو پکسل 3 میں دیا گیا تھا۔
یہ امیجنگ چپ پکسل فون میں کم روشنی میں بہترین تصاویر میں مدد دیتی ہے تو توقع کی جاسکتی ہے کہ نئے فونز میں یہ صلاحیت پہلے سے بھی زیادہ بہتر ہوگی۔
ان سب کے باوجود اب نئی بات یہ ہے کہ اس فون کی قیمت کے متعلق کچھ معلومات سامنے آئی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل فور کی قیمت آئی فون الیون سے بہت زیادہ ہوسکتی ہے۔
گوگل پکسل فور کی قیمت کے بارے میں ماہرین نے جو اندازے لگائے ہیں ان کی روشنی میں سادہ پکسل فور 900 امریکی ڈالر اور ایکس ایل 1050 امریکی ڈالر سے شروع ہوسکتی ہے۔ اس ضمن میں 64 جی بی اور 128 جی بی کے ماڈلوں کی قیمت میں گنجائش اور اسٹوریج کا فرق ہوسکتا ہے۔
اگر اس کا موازنہ آئی فون الیون سے کیا جائے تو آئی فون الیون 64 جی بی کی قیمت 700 ڈالر، 128 جی بی 750 ڈالر اور 256 جی بی کی قیمت 850 ڈالر ہے۔ اس طرح گوگل نے پکسل فور کی صورت میں مہنگا ترین فون پیش کیا ہے۔