گڈزٹرانسپورٹرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد سپر ہائی وے کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گڈزٹرانسپورٹرز نے رات گئے تین ٹرک ڈرائیورز کی ہلاکت پر سپر ہائی وے کو مکمل طور پر بند کردیا تھا جس کے باعث کراچی کو ملک کے دوسرے شہروں کو جانے والے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پولیس کے مطابق رات گئے سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والے ملیر لنک روڈ پر کاٹھور کے قریب ٹرک ڈرائیورز حالیہ دنوں میں اوور لوڈ ٹرکس کے خلاف جاری مہم پر احتجاج کررہے تھے۔
احتجاج کے دوران فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں تین ٹرک ڈرائیورز مارے گئے تھے، جاں بحق افراد کی شناخت نیاز علی، سید ایوب اور رسول خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی ملیر سید علی رضا کے مطابق پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی فائرنگ ہوچکی تھی، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے فائرنگ سے تین افراد کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔