واشنگٹن: عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سربراہان نے پاکستان کی معیشت بہتر بنانے کے لیے مکمل معاونت کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سربراہان سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی اشاریوں میں ہونے والی نمایاں بہتری سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
مشیر خزانہ نے پاکستانی معیشت میں استحکام اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں بارے بھی آگاہ کیا۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مثبت اشاریوں سے پاکستانی معیشت کے استحکام کے راستے پر گامزن ہونے کا عندیہ ملتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستانی معیشت میں اصلاحات متعارف کروائے جانے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر عالمی بینک ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے کہا کہ پاکستان کو عالمی بنک کے دستیاب وسائل کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔