اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آئین میں ترمیم اور نئے تنظیمی ڈھانچے کی باضابطہ منظوری دے دی۔
پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ریجن کی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کا اعلان کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ریجنز کی تشکیل کیلئے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں تمام ڈویژنز پر مشتمل ایک ریجن قائم کیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے ریجن میں علاقے کی تمام ڈویژنز شامل ہوں گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے بھی ریجنل ڈھانچے کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے مطابق اسلام آباد ریجن قومی اسمبلی کے حلقوں کے مطابق تین اضلاع پر مشتمل ہوگا۔
سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو شمالی، مرکزی اور جنوبی پنجاب نامی تین ریجنز میں تقسیم کیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کو مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور اور جنوبی پختونخوا نامی چار ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کیلئے شمال مشرقی، جنوب مشرقی، شمال مغربی اور جنوب مغربی ریجنز کی تشکیل کی منظوری دی ہے جبکہ جنوبی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزادجموں و کشمیر کی علاقائی حدود میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان علاقوں میں موجودہ تنظیمی ڈھانچہ بدستور فرائض سرانجام دے گا مگر صوبے کی بجائے ’ریجن‘ کا نام اور افعال استعمال کرے گا۔
سیف اللہ خان نیازی نے بتایا کہ ان چاروں علاقوں کی تنطیمیں آئین میں دیے گئے طریقہ کار کے مطابق ضلعی گورننگ باڈیز کی تقرریاں عمل میں لائیں۔